Saturday, May 18, 2024

ڈہرکی کی دو نومسلم بہنیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر دارالامان منتقل

ڈہرکی کی دو نومسلم بہنیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر دارالامان منتقل
March 26, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ڈہرکی کی دو نومسلم بہنیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر دارالامان منتقل کر دی گئیں۔

 چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا یہ انتہائی حساس معاملہ ہے جس سے پاکستان کا تشخص جڑا ہے، اقلیتوں سمیت ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرینگے۔

 حکومت کو تحقیقات مکمل کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔

قبل ازیں ضلع گھوٹکی میں ہندو مذہب چھوڑ کر مسلمان ہونے والی نومسلم لڑکیاں آسیہ اور نادیہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں ، کیس کی سماعت چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

 چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت اقلیتوں سمیت ہر شہری کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی۔ نبی کریمؐ کے فتح مکہ اور خطبہ حجتہ الوداع پر دو خطاب موجود ہیں جو ہمارے لیے قانون و آئین کی حیثیت رکھتے ہیں۔

 چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وزیراعظم بھی انکوائری کا حکم دے چکے ، وزیر انسانی حقوق بھی معاملے کو دیکھ رہی ، تحقیقات کب تک مکمل ہوگی؟۔ حکومتی نمائندے نے آگاہ کیا کہ ایک ہفتے میں انکوائری مکمل کرلیں گے۔

دوسری جانب لڑکیوں نے بتایا انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا۔ عدالت نے نومسلم لڑکیوں کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دے دیا اور دونوں لڑکیوں کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈی جی ہیومین رائٹس کے سپرد کردیا تھا۔

عدالت نے ہدایت کی تھی کہ ایس پی رینک کی خاتون پولیس افسر کو ان کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور کریں جبکہ وفاقی حکومت کی انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کر دی۔