Thursday, May 9, 2024

ڈھائی سال میں حکومت نے 35 ہزار ارب روپے واپس کیے ، وزیراعظم

ڈھائی سال میں حکومت نے 35 ہزار ارب روپے واپس کیے ، وزیراعظم
April 16, 2021

سکھر (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ڈھائی سال میں حکومت نے 35 ہزار ارب روپے واپس کیے۔

وزیراعظم عمران خان نے سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ن لیگ نے اپنے دور میں 20 ہزار ارب کا قرض واپس کیا۔ اگر یہی پیسہ ہم عوام پر خرچ کر دیتے تو ملک کہاں سے کہاں جا سکتا تھا۔ 33 فیصد احساس پروگرام فنڈ سندھ میں خرچ کیا ۔ کراچی کے پاس جزیرے پر شہر بسانے کا منصوبہ بنایا۔ باہر سے انویسٹرز بھی تیار ہو گئے تھے ہمارا اندازہ تھا کہ 40 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری باہر سے آنی تھی لیکن سندھ حکومت نے این او سی دے کر منسوخ کر دیا۔ ابھی تک سمجھ نہیں آئی سندھ حکومت نے این او سی دے کر منسوخ کر دیا۔ امید کرتا ہوں سندھ حکومت اس پر نظر ثانی کرے گی۔

 وزیراعظم نے کہا ایمانداری اور امانتداری  سے پوری کوشش کریں گے جو بھی علاقے پیچھے رہ گئے ان کو اوپر لائیں۔ سندھ کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں آپ کی حالت بہتر کرنے کے لیے پوری کوشش کروں گا۔

ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کا سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہنا تھا سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ  ہے۔ بدقسمتی سے جہاں سے گیس نکل رہی ہے وہاں کے لوگوں کو نہیں  مل رہی۔ وزیراعظم عمران خان کا مشن لندن اور سوئٹزر لینڈ میں پراپرٹی بنانا نہیں ، وہ پوری قوم کیلئے سوچتے ہیں۔ پاکستان میں صرف  عمران خان  قومی سوچ رکھنے والے لیڈر ہیں۔ 446ارب روپے کا پیکیج سندھ کیلئے ہے۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے نئی گاج ڈیم کا پراجیکٹ وفاق پورا کرے گا۔ سندھ کے نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجی کی ٹریننگ دی جائے گی۔ ایک لاکھ 30 ہزار نوجوان کھیلوں کی سہولت کو استعمال کر سکیں گے۔