Sunday, September 8, 2024

ڈکیتی ڈرامہ کا ڈراپ سین : پسند کی شادی کیلئے حاملہ بیوی کو قتل کیا : شوہر کا بیان

ڈکیتی ڈرامہ کا ڈراپ سین : پسند کی شادی کیلئے حاملہ بیوی کو قتل کیا : شوہر کا بیان
January 9, 2016
لاہور (92نیوز) بیوی کو قتل کر کے ڈکیتی کا رنگ دینے والے ملزم عثمان علی کو لاہور کی مقامی عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ ریس کورس پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید شواہد اکٹھے کر کے ملزم کو چودہ جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم عثمان علی کو لاہور کی کینٹ کچہری میں سول جج قمر زمان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم سے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ریس کورس پولیس کی جانب سے چودہ دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا گیا تھا تاہم سول جج نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی اہلیہ آمنہ کو قتل کیا ہے جبکہ ایس ایچ او نے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش کے بعد اسے چودہ جنوری کو عدالت میں پیش کریں گے۔ ملزم عثمان علی صرف اپنی اہلیہ آمنہ کا ہی نہیں بلکہ اس کے پیٹ میں موجود اپنی بیٹی کا بھی قاتل ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ چودہ جنوری کو عدالت اس کیس کا کیا فیصلہ سناتی ہے۔