Tuesday, April 16, 2024

ڈکوٹا پائپ لائن منصوبہ، ہزاروں امریکیوں کا ٹرمپ کیخلاف مظاہرہ

ڈکوٹا پائپ لائن منصوبہ، ہزاروں امریکیوں کا ٹرمپ کیخلاف مظاہرہ
March 11, 2017

سائوتھ ڈکوٹا (ویب ڈیسک) ڈکوٹا پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کیخلاف ہزاروں امریکی سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ٹرمپ ہوٹل کے سامنے شدید احتجاج کیا اور وائٹ ہاؤس کی طرف ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام فیصلے لوگوں کو اشتعال میں مبتلا کئے ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے متنازعہ ڈکوٹا پائپ لائن کی تعمیر کا اعلان کر کے لاکھوں قبائلی امریکیوں کو بھی اپنے خلاف کر لیا ہے۔

ہزاروں لوگوں نے صدر کے ڈکوٹا پائپ لائن کی تعمیر کے فیصلے کیخلاف وائٹ ہاؤس کی طرف مارچ کیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر صدر ٹرمپ کیخلاف پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ قبائلی امریکیوں نے صدارتی رہائش گاہ کی طرف مارچ کے دوران راستے میں ٹرمپ ہوٹل کے سامنے پڑاؤ کیا اور صدر کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے اس موقع پر احتجاج کے طور پر ٹرمپ ہوٹل کے سامنے قبائلی خیمہ بھی تعمیر کیا جس کا مقصد صدر کو پیغام دینا تھا کہ قبائلیوں کی زندگیوں سے چھیڑچھاڑ نہ کی جائے۔

ڈکوٹا پائپ لائن امریکا کی شمالی ریاست سے وسطی ریاستوں تک تیل کی سپلائی کیلئے پائپ لائن بچھانے کا ایک بڑا منصوبہ ہے تاہم ریڈ انڈین قبائل اس کی تعمیر کیخلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ منصوبے کی وجہ سے ان کے پانی کے ذخائر اور ان کے مقدس سمجھے جانے والے علاقے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔