Saturday, April 20, 2024

ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا کے 3 شناختی کارڈ ... سیلاب متاثرہ بن کر امداد بھی اینٹھ لی

ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا کے 3 شناختی کارڈ ... سیلاب متاثرہ بن کر امداد بھی اینٹھ لی
January 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نادرا حکام نے نائنٹی ٹو نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے تین شناختی کارڈ بنوانے والی ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا ثمینہ پٹھان کو معطل کر دیا۔ ثمینہ پٹھان کے خلاف دو ہزار بارہ میں بھی انکوائری ہوئی‘ ایکشن نہیں لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے الزامات ثابت ہونے کے باوجود اسے بحال کیے جانے کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی خاتون ڈائریکٹر کاانوکھاکارنامہ سامنے آیا ہے جنہوں نے اپنے تین اور شوہر کے دو شناختی کارڈ بنوالئے۔ ایف آئی اے حکام کی تحقیقات پر نادرا حکام کو بھی ہوش آگیا اور انکوائری کا حکم دے ڈالا۔ شہریوں کو شناختی کارڈ بنوانا ہو تو پاپڑ بیلنا پڑتے ہیں مگر نادرا افسران کو کھلی چھوٹ۔ ایک نہیں تین تین شناختی کارڈ۔ یہ کارنامہ کیا ہے نادرا سکھر کی ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ثمینہ پٹھان نے۔ موصوفہ نے اپنے تو تین شناختی کارڈ بنوائے سو بنوائے شوہرنامدار کے بھی دو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوالیے۔ 92نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق ثمینہ پٹھان نے شناختی کارڈز پر ایڈریس بھی جعلی لکھوائے۔ انہوں نے خودکو سیلاب متاثر ظاہر کر کے حکومت سے سیلا ب زدگان کی امداد بھی وصول کی۔ ثمینہ پٹھان نے ایک کارڈ ثمینہ اختر کے نا م سے بنوایا‘ دوسرا کارڈ ثمینہ پٹھان اور تیسرا کارڈ بھی ثمینہ اختر کے نام سے بنوایا جبکہ اپنے شوہر کے کارڈ اختر حسین کے نام سے ہی کارڈ بنوائے۔ نادرا حکام کو اس ہیرا پھیری کا پتہ نہ چلا مگر ایف آئی اے نے ثمینہ پٹھان کا بھانڈا پھوڑ ڈالا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے نادرا حکام کوخط لکھ کر ثمینہ پٹھان کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کے ایکشن کے بعد نادرا حکام نے بھی انکوائری شروع کردی ہے۔