Sunday, May 12, 2024

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا تنخواہوں کےبل سے اعلان لا تعلقی

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا تنخواہوں کےبل سے اعلان لا تعلقی
February 2, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے  تنخواہوں کے بل سے اعلان لاتعلقی کر دیا ، کہتے ہیں مشاورت ضرور ہوئی لیکن حمایت کی حامی نہیں بھری ۔ وزیر اعظم نے اپنی کم تنخواہ میں گزارا نہ ہونے کا انکشاف کیا تو ملک میں بھونچال سا کھڑا ہوگیا تھا ، لوگ ایک دوسرے  سے سوال پوچھتے رہے کہ اگر وزیر اعظم کے اخراجات انکی تنخواہ میں پورے نہیں ہورہے تو ہمارے کیسے ہوں گے۔ دوسری  جانب کچھ ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کی بات کو زیادہ ہی سیرئیس لے لیااور لگے ہاتھوں اپنی تنخواہوں میں اضافے کا بل تیار کرلیا جسے کل ایوان بالا میں پیش کیا جائے گا۔ بل کی منظوری کے امکانات اگرچہ کم ہیں تاہم عوام کی نظریں ایوان بالا کی جانب لگی ہیں کہ انکے منتخب نمائندے اس حوالے سے کیا فیصلہ کرتے ہیں،پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی کہتے ہیں بل کے حوالے سے مشاورت ضرور ہوئی تاہم انہوں نے حمایت کی حامی نہیں بھری۔ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے بل کو نامناسب قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک ابھی معاشی بحران سے نہیں نکلا۔ حکومتی سینٹرفیصل جاوید کاکہنا ہے اس بل پر    ہماری جانب سے یقینی انکار ہے۔پیپلز پارٹی کی سینٹر شیری رحمان کاکہنا ہے ۔ہم  بھی بل کی حمایت نہیں کریں گے کیونکہ اس وقت عوام کو بہت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔