Thursday, May 2, 2024

ڈپٹی میئر کراچی کیس: الیکشن کمیشن نے ارشد ووہرا سے 11 جنوری کو جواب مانگ لیا

ڈپٹی میئر کراچی کیس: الیکشن کمیشن نے ارشد ووہرا سے 11 جنوری کو جواب مانگ لیا
January 3, 2018

کراچی (92 نیوز) ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا کی سنی گئی۔ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ ڈپٹی میئر سے گیارہ جنوری کو تحریری جواب بھی مانگ لیا گیا۔

کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد ووہرا کی نااہلی کے لئے فاروق ستار کی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔ ارشد ووہرا اپنے وکیل حفیظ الدین کے ہمراہ پیش ہوئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل ایس اقبال قادری نے بتایا کہ ارشد ووہرا نے تاحال ان کی درخواست پر جواب جمع نہیں کرایا۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ارشد ووہرا کی جانب سے جو تفصیلات مانگی گئی ہیں وہ کیا ہیں؟ حفیظ الدین بولے ثابت کرنا چاہتے ہیں ارشد ووہرا ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء نہیں۔ وہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ سے الیکشن نہیں لڑے۔ ایم کیو ایم پاکستان تفصیلات دے۔ تفصیلی جواب دے دینگے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ارشد ووہرا کو الیکشن کمیشن کے ریکارڈ  سے کاپی فراہم کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے ارشد ووہرا کے وکیل کو تحریری جواب اور دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11جنوری تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ارشدووہرا کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے خود 23 اگست کو کہا کہ کنفیوژن والا سٹیٹس ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل بیرسٹرسیف نے کہا کہ ارشدو وہرا کی جانب سے مانگی گئی دستاویزات کا بالواسطہ یا بلا واسطہ کیس سے تعلق نہیں یہ تاخیری حربے کے طور پر دستاویزات مانگ رہے ہیں۔