Tuesday, April 16, 2024

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں شور شرابے پر اجلاس کل تک ملتوی کردیا

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں شور شرابے پر اجلاس کل تک ملتوی کردیا
June 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کو بولنے کا موقع نہ ملنے پر پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا جس پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں شور شرابے پر اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری گرفتار ہوئے تو بلاول بھٹو زرداری فورا قومی اسمبلی پہنچے اور تقریر کرنے کیلئے مائیک مانگ لیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے ضابطے کے مطابق ذاتی وضاحت کے لیے مائیک شیخ رشید کو دے دیا، مائیک شیخ رشید کو ملنے کی دیر تھی کہ اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کردیا۔۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ارکان کی منت سماجت کی اور کہا بیٹھ کر شیخ رشید کی بات سن لیں، اس کے بعد مائیک بلاول کو مل جائے گا، مگر ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور مائیک مانگنے پر بضد رہے۔ اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود مائیک شیخ رشید کے پاس ہی رہا۔شیخ رشید نے کہا اگر نہ بولنے دیا گیا تو کسی کو نہیں بولنے دوں گا۔ شیخ رشید کی تقریر کے دوران پیپلز پارٹی ارکان  نے نعرے بازی جاری رکھی،، صورتحال کنٹرول نہ ہوئی تو ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔