Thursday, April 25, 2024

ڈونلڈٹرمپ کے بیان پر یورپی یونین کا سخت ردعمل

ڈونلڈٹرمپ کے بیان پر یورپی یونین کا سخت ردعمل
January 17, 2017

برلن (ویب ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر یورپی یونین کے رہنماؤں کا سخت ردعمل۔ جرمنی نے مشرق وسطیٰ میں امریکی مداخلت کو پناہ گزینوں کے بحران کا ذمہ دار قرار دیدیا۔ فرانسیسی صدر نے ٹرمپ کو جھاڑ دیا اور کہا یورپی یونین کو باہر سے کسی مشورے کی ضرورت نہیں۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی اور فرانس نے یورپی یونین سے متعلق بیان پر نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا ہے کہ یورپ کا اتحاد ہی ٹرمپ کے بیان کا بہترین جواب ہے۔ یورپی یونین کو اکیسویں صدی کے چیلنجز کے مطابق پالیسیاں بنا کر اپنی شناخت کی جنگ جاری رکھنی چاہیے۔

ادھر جرمنی کے وزیر معاشیات زیگمار گیبرئیل نے بھی ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بغیر سوچے سمجھے امریکی مداخلت نے ہی پناہ گزینوں کے بحران کو جنم دیا۔ ادھر فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے بھی ٹرمپ کو جھاڑ پلا دی اور کہا کہ یورپی یونین کو باہر سے کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں۔

ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی چپ نہ رہے کہتے ہیں نومنتخب امریکی صدر کی جرمنی کے سیاسی معاملات میں مداخلت نامناسب ہے۔ جان کیری نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو یورپ کی مضبوط ترین لیڈر قرار دیا۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں یورپی یونین سے الگ ہونے کے برطانیہ کے فیصلے کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ دوسرے ملک بھی ایسا ہی کریں گے۔