Thursday, May 2, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر کے باہر مسلمانوں کا احتجاجی مظاہرہ‘ نماز باجماعت ادا کی

ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر کے باہر مسلمانوں کا احتجاجی مظاہرہ‘ نماز باجماعت ادا کی
December 23, 2015
نیویارک سٹی (ویب ڈیسک) امریکا میں آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شمولیت کے لئے کوشاں متنازع سیاست دان ڈونلڈ ٹرمپ کے نیویارک میں صدر دفتر کے باہر مسلمانوں نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر دو سو افراد نے با جماعت نماز بھی ادا کی۔ ڈونلڈ کے ہلیری کلنٹن کے خلاف نازیبا الفاظ پر امریکہ بھر میں آوازیں اٹھنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف اپنے اشتعال انگیز بیانات پر قائم ہیں وہاں امریکا میں ان کے خلاف مسلمان کمیونٹی کے غم وغصے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیویارک میں واقع ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر دفتر کے باہر تقریباً 200 افراد نے ان کے اشتعال انگیز بیانات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹرمپ کو ”فاشسٹ“ اور ”نسل پرست“ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بعد ازاں وہیں پر مظاہرین نے نماز باجماعت بھی ادا کی۔ ٹرمپ ٹاور کے باہر جمع مسلمانوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”فاشزم نہیں چاہیے“، فاشزم اور نفرت کے پرچارک ٹرمپ نہیں چاہیے“ جیسے نعرے درج تھے۔