Monday, May 13, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخزے کی دو قراردادیں امریکی ایوان نمائندگان میں  منظور

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخزے کی دو قراردادیں امریکی ایوان نمائندگان میں  منظور
December 19, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز)  امریکی  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی دو قراردادیں امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کر لی  گئیں ، صدر ٹرمپ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ڈیمو کریٹس کو پاگل قرار دے دیا۔ دنیا بھر کو اپنے متنازعہ فیصلوں سے ہلا دینے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشکل میں آگئے ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی دو قراردادیں امریکی ایوان نمائندگان میں منظور کر لی گئی ہیں، ٹرمپ مواخذے کا سامنا کرنے والے امریکہ کے تیسرے صدر بن گئے ہیں۔ قراد کو دو حصوں میں منظور کیا گیا ،  اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق قرار داد کے آرٹیکل  ایک   کی حمایت میں 230 اور مخالفت میں 197 ووٹ ڈالے گئے  جبکہ قرارداد کے آرٹیکل 2  جو مواخذے کیلئے کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق تھا، کی حمایت میں 229 اور مخالفت میں 198 ووٹ ڈالے گئے۔ امریکی صدر پر الزامات ہیں کہ انھوں نے یوکرائن پر ذاتی سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ صدر ٹرمپ پر اب امریکی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں مقدمہ چلایا جائے گیا جس کی بنا پر وہ نومبر میں اپنے صدراتی عہدے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے اقتدار سے برطرف بھی کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن ایسا ہونے کا امکان بہت کم ہے کیونکہ صدر کی برطرفی کے لیے سینیٹ کی دو تہائی اکثریت کو ان کے خلاف ووٹ دینا ہو گا  جب کہ حکمران ریپبلکن پارٹی کو 100 ارکان پر مشتمل سینیٹ میں 53 نشستیں حاصل ہیں اور حزب اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کو صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے 67 ووٹوں کی ضرورت ہو گی۔ امریکی ایوان نمائندگان میں ووٹنگ کے عمل کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ریاست میشی گن میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے ،  ان کا عوام سے خطاب کرتے رہنا تھا جب ہم ملازمتیں پیدا کررہے ہیں اور مشی گن کے لئے لڑ رہے ہیں ، کانگریس میں بنیاد پرست بائیاں بازو حسد، نفرت اور غصے سے دوچار ہیں ،   آپ دیکھیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا ہے صدر ٹرمپ کو اعتماد ہے کہ وہ سینیٹ ٹرائل میں مکمل طور پر بری ہو جائیں گے۔