Thursday, April 25, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ کو بری الذمہ قرار نہیں دیا ، رابرٹ مولر

ڈونلڈ ٹرمپ کو بری الذمہ قرار نہیں دیا ، رابرٹ مولر
July 25, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکی الیکشن میں روسی مداخلت کے معاملے پر  امریکا کے سابق خصوصی وکیل رابرٹ مولر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کو بری الزمہ قرار نہیں دیا، مولر نے 2020 کے الیکشن میں بھی روسی مداخلت کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ سابق خصوصی وکیل رابرٹ مولر نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم سے متعلق اپنی رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بری الذمہ قرار نہیں دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رابرٹ مولر نے امریکی کانگریس کی عدالتی کمیٹی کو بتایا کہ صدارتی عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر ہو سکتا ہے۔ امریکی کانگریس کے سامنے اپنی سات گھنٹے طویل گواہی میں مولر نے ٹرمپ کی جانب سے 2016 میں ڈیموکریٹس کی چوری شدہ میلز کی ریلیز کی حمایت کو پریشان کن قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ روس 2020 کے الیکشن میں دوبارہ سے مداخلت کر سکتا ہے۔ رابرٹ مولر نے واضح کیا کہ ان کی رپورٹ میں صدر کو مکمل بری الذمہ نہیں ٹھہرایا گیا جیسا کہ ڈونلڈ ٹرمپ دعویٰ کرتے ہیں۔ تاہم اس طویل سماعت کے باوجود ڈیموکریٹس کی صدر ٹرمپ کے مواخذے کی خواہش پوری نہیں ہو پائے گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ رپبلکن پارٹی کے لیے ایک بڑا دن ہے اور میرے لیے ایک عظیم دن ہے، وائٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کے پاس کچھ بھی نہیں ہے اور وہ 2020 کا الیکشن بری طرح ہار جائیں گے۔