Saturday, April 20, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیوایچ او کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیوایچ او کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے دیا
April 9, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وائرس کے معاملے پر امریکی صدر اور عالمی ادارہ صحت آمنے سامنے آگئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ اوکو وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ کورونا وائرس نے جہاں ایک جانب پوری دنیا کو جکڑا ہواوہیں امریکی صدر اور عالمی ادارہ صحت کو بھی مدمقابل کھڑا کر دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ڈبلیو ایچ او کو موذی وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے دیا اور کہا تنظیم شروع میں ہی کورونا وائرس کا صحیح اندازہ نہ لگا سکی اور اسے عالمی وبا قرار دینے میں دیر کی۔ صدر ٹرمپ نے اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اینہم کی چودہ جنوری کو کی گئی ٹویٹ کا بھی حوالہ دیا جس میں انھوں نے وائرس کے انسان سے انسان میں منتقلی کا کوئی ثبوت نہ ملنے کا اعلان کیا تھا مگر ڈبلیو ایچ او نے تیس جنوری کو کورونا کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی اور پھر گیارہ مارچ کو موذی وبا قرار دیا۔ اس سے قبل امریکی صدر کے تنقیدی بیانات اور فنڈنگ روکنے کی دھمکی پر  ٹیڈروس اینہم نے بھی شدید ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت ضائع نہیں کرنا چاہیئے۔ ہمیں زندگیاں بچانے پر توجہ دینا ہو گی۔ قومی اتحاد عالمی سطح پر یک جہتی کی بنیاد ہے جسے اپنا کر ہم سیاسی کورونا کو قرنطینہ کر سکتے ہیں۔