Thursday, April 25, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کا کٹھ پتلی قرار دے دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کا کٹھ پتلی قرار دے دیا
May 19, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو چین کا کٹھ پتلی قرار دے دیا۔ دنیا کا طاقتور ترین ملک پراسرار وائرس کورونا کا بدترین نشانہ بنا ہوا ہے جس کا الزام صدر ٹرمپ مسلسل چین اور عالمی ادارہ صحت پر لگاتے آ رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر نے حسب روایت اپنی توپوں کا رخ عالمی ادارہ صحت کی جانب کیے رکھا اور کہا ڈبلیو ایچ او چین کی کٹھ پتلی ہے۔ تنظیم نے ہمیشہ غلط مشورے دیئے۔ صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے صدر ڈاکٹر ٹیڈروس کو خط کے ذریعے وارننگ بھی جاری کر دی اور کہا اگر تنظیم اگلے تیس روز میں وبا کی روک تھام کیلئے کوئی بڑا اقدام نہ کر سکی تو امریکہ فنڈنگ مکمل روک سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ امریکی رکنیت سازی پر بھی غور کریں گے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک بار پھرکورونا کے علاج کیلئے ملیریا کی دوائی کے استعمال پر زور دیا۔ پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے خود بھی دوا کے لینے کا دعویٰ کر ڈالا اور کہا وہ وائرس سے بچاؤ کیلئے کچھ ہفتوں سے رورانہ  ہائیڈروکسی کلوروکین اور زنک کی ایک گولی کھا رہے ہیں۔ امریکا میں اب تک ساڑھے پندرہ لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے بانوے ہزار کے قریب زندگی کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں رپورٹ ہوئیں جہاں اٹھائیس ہزار سے زائد مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔