Friday, April 19, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کر دیا
May 29, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایگزیکٹیو آرڈر جاری کر دیا۔ سوشل میڈیا کیخلاف ٹرمپ کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا۔ ٹویٹر کے فیکٹ چیک سے شروع ہونے والا معاملہ صدارتی حکم نامے تک جا پہنچا۔ امریکی صدر نے سوشل میڈیا کمپنیوں کے حوالے سے ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا۔ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کو ریاستی حکام کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا کو قانونی حدود میں لانے کی ہدایت کر دی۔ ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حکم نامے کا مقصد آزادیِٔ اظہار کو تاریخ کے سنگین ترین خطرے سے بچانا ہے۔ چند سوشل میڈیا کمپنیاں امریکا کے پبلک اور پرائیویٹ ذرائع ابلاغ کا بڑا حصہ کنٹرول کر رہی ہیں۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ٹویٹر، فیس بک اور گوگل غیر جانبدار نہیں ہیں۔ ان کی اپنی رائے ہے۔ سوشل میڈیا کمپنیوں نے اپنی اجارہ داری بنا رکھی ہے جسے مزید چلنے نہیں دیا جائے گا۔ اگر ان کمپنیوں کی اجارہ داری برقرار رہی تو امریکا میں جمہوریت رہے گی اور نہ ہی جمہوری حکومت۔ اس موقع پر صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا اس سارے معاملے کے بعد وہ اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیں گے؟ جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ٹویٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے سے متعلق خبر جھوٹی ہے۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انکے 186 ملین فالوؤرز ہیں جو کسی بھی میڈیا چینل کے دیکھنے والوں سے زیادہ ہیں۔