Saturday, April 20, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے جان بولٹن کو عہدے سے ہٹا دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے جان بولٹن کو عہدے سے ہٹا دیا
September 11, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن  کو عہدے سے ہٹادیا ، امریکی صدر نےٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے جان بولٹن سے ان کا استعفیٰ مانگا تھا، جو انہوں نے صبح انہیں دے دیا ہے۔ امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کو امریکی صدر کی افغان پالیسی سے اختلاف مہنگا پڑگیا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان سے مذاکرات ناکام ہونے کا غصہ اپنے قومی سلامتی کے مشیر پر نکال دیا، افغان مذاکرات کے شدید ناقد جان بولٹن کو فارغ کردیا گیا۔ امریکی صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ رات ہی جان بولٹن کو بتا دیا تھا کہ ان کی خدمات وائٹ ہاؤس کو مزید درکار نہیں  ، ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جگہ نئے قومی سلامتی کے مشیر کا اعلان آئندہ ہفتے کردیا جائے گا۔ امریکی صدر کی جانب سے جان بولٹن کو اس طرح عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں لیکن انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جان بولٹن کے مؤقف سے انہیں شدید اختلاف تھا۔ پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افغان طالبان سے امن مذاکرات معطل کرنے کے اعلان نے سب کو حیران کردیا تھا اور اب جان بولٹن کی قربانی نے امریکی سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے۔ جان بولٹن عراق میں جنگ اور دیگر خارجہ پالیسیزسے متعلق لیے گئے فیصلوں کے حوالے سے متنازعہ شخصیت بھی رہے ہیں۔اس کے علاوہ انہیں ایران، وینزویلا اور دیگر متنازع معاملات میں مداخلت کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں اہم طاقت ور شخصیت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔