Saturday, April 20, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا
June 19, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز ) دوسری بار امریکا کی صدارت کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا،امریکی صدر نے فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  میرے دور میں امریکا کے معاشی حالات بہتر ہوئے، چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف کام دکھا رہا ہے، میکسیکو کی سرحد پر دیوار 2020میں مکمل ہوجائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ  ایک بار پھر امریکا کی صدارت سنبھالنے کیلئے پُرامید ہیں ۔ سال 2020 کی انتخابی مہم کے آغاز کیلئے ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کا انتخاب کیا  جہاں بیس ہزار افراد نے ٹرمپ کا استقبال کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی خوب تعریفیں کیں، کہا میرے دور میں امریکا کے معاشی حالات بہتر ہوئے جبکہ بیروزگاری کی شرح پہلے سے کم ہوئی ہے۔ چین کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا ان کی حکومت نے چینی مصنوعات پر جو اضافی ٹیرف عائد کیا وہ کام دکھا رہا ہے، کمپنیاں چین چھوڑرہی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کی پہلی تقریر میں میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے میڈیا نے ان کے خلاف خبریں چلائیں، ان کے مخالفین امریکی عوام کے بہتر مستقبل کو محدود کرتے ہوئے انہیں تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد کا ذکر بھی کیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بارڈر پر بننے والی چار سو میل طویل دیوار 2020 تک مکمل ہوجائےگی۔