Wednesday, April 24, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے

ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے
July 1, 2019
سیول ( 92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے ایک بار پھر اپنے ناقدین کو حیران کردیا ، شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ۔ شمالی کورین رہنما کِم جونگ اُن سے تاریخی مصافحہ میڈیا کی زینت بن گیا۔ امریکا اور شمالی کوریا میں برسوں سے جاری سرد جنگ ختم ہونے لگی ، ڈونلڈ ٹرمپ نے روایت توڑ ڈالی، شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی رہنما بن گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک سال میں شمالی کورین رہنما سے تیسری ملاقات ہے جس کیلئے شمالی اور جنوبی کوریا کے غیر فوجی علاقے کا انتخاب کیا گیا۔ جہاں کِم جونگ اُن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ کل تک کِم جونگ اُن کو برا بھلا کہنے والے ڈونلڈ ٹرمپ آج انہی کو بہترین دوست قرار دینے لگے، کہتے ہیں شمالی کوریا کا مختصر دورہ اعزاز کی بات ہے۔ اس موقع پر شمالی کورین رہنما کِم جونگ اُن نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کا فیصلہ پُر اعتماد اور بہادرانہ اقدام ہے، دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کورین رہنما سے ایک سال کے دوران یہ تیسری ملاقات ہے، اس سے قبل دونوں سربراہان ہنوئی اور سنگاپور میں بھی مل چکے ہیں۔