Friday, April 26, 2024

ڈومنیک تھیم نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا

ڈومنیک تھیم نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا
September 14, 2020
نیویارک (92 نیوز) آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ آسٹرین ٹینس اسٹار نے جرمن کے الیگزنڈر زیورف کو ہرا کر کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلی بار یوایس اوپن کا ٹائٹل اپنے سرسجا لیا، فیصلہ کن معرکے میں ڈومنیک تھیم اور جرمنی کے الیگزنڈر زیورف مدمقابل ہوئے۔ جرمن ٹینس اسٹار الیگزنڈر زیورف نے آغاز اچھا کیا اور دو سیٹ جیت کر میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنائی، تاہم تیسرے سیٹ میں آسٹرین ٹینس اسٹار ڈومنیک تھیم نے کم بیک کرتے ہوئے چھ، چار سے سیٹ اپنے نام کیا، چوتھے سیٹ میں آسٹرین ٹینس اسٹار نے چھ، تین سے کامیابی سمیٹ کر میچ برابر کر دیا۔ آخری اور فیصلہ کن سیٹ میں دلچسپ مقابلہ ہوا دونوں کھلاڑیوں نے جیت کے لیے سر توڑ کوشش کی لیکن ٹائی بریکر پر ڈومنیک تھیم نے سات، چھ سے سیٹ جیت کر میچ اپنے نام کرلیا۔ آسٹرین ٹینس اسٹار ڈومنیک تھیم نے کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔