Saturday, April 27, 2024

ڈولفن پولیس کی موٹرسائیکلوں کی خریداری کیخلاف تحقیقات شروع‏

ڈولفن پولیس کی موٹرسائیکلوں کی خریداری کیخلاف تحقیقات شروع‏
May 20, 2019
لاہور ( 92 نیوز) شہباز شریف کی مشکلات میں مزید اضافہ  ہو گیا ، ذرائع کے مطابق ڈولفن پولیس  کیلئے خریدیں جانیوالی موٹرسائیکلوں کی خریداری کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ، نیب لاہور نے موٹر سائیکلوں کی خریداری کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔ اپوزیشن  لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے ایک اور پراجیکٹ میں تحقیقات شروع کردیں گئیں ، ذرائع کے مطابق تحقیقات ڈولفن پولیس  فورس  کے لیے خریدی جانے والی موٹر سائیکلوں میں مالی بے ضابطگیوں پر شروع کی گئیں۔ سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ایک مرتبہ پھر نیب کے ریڈار پر آگئے ، ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اس پراجیکٹ کی منظوری دی تھی جبکہ ڈولفن فورس کے زیر استعال  موٹر سائیکلیں 2015 میں فی یونٹ 17 لاکھ روپے   میں خریدی گئیں ۔ اربوں روپے  مالیت کی مہنگی ترین موٹر سائیکلوں کی خریداری  پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی جن میں سے 25 فیصد موٹر سائیکلیں اب خراب ہوچکی ہیں جس کی بڑی وجہ امپورٹڈ موٹر سائیکلوں  کا سامان ملک میں نہ ہونے ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہورکی جانب سے موٹر سائیکلوں کی خریداری کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے ۔