Wednesday, April 24, 2024

ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم 5 سال پورے کریںگے، شیخ رشید

ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم 5 سال پورے کریںگے، شیخ رشید
December 20, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم 5 سال پورے کریں گے۔ جس کا دل چاہتا ہے آ جائے لانگ مارچ کرے، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد  میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنھوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دے،، اپنا شوق پورا کریں۔ وزیراعظم قوم کو مشکل معاشی اورسیاسی حالات سے نکال کر آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے اور پہلا مفت ہوگا۔ تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھول دیئے جائیں گے۔ ساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 100 دن میں وزارت  داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ امیگریشن، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اے سمیت تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں۔ 23 کو وزیر اعظم فنڈ دیں گے تو وہ پوسٹیں بھی ختم کر دیں گے۔ استقبالیہ ناشتے پر آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، انشاءاللہ 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 23 تاریخ کو وزیر اعظم پولیس لائنز میں تقریب میں شرکت کریں گے۔ عمران خان کا کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے۔