Sunday, May 5, 2024

ڈنمارک اور آسٹریلیا نے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

ڈنمارک اور آسٹریلیا نے فیفا ورلڈ کپ  کیلئے کوالیفائی کر لیا
November 15, 2017

سڈنی (92 نیوز) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کا مرحلہ اختتام کی جانب گامزن ہو گیا ہے۔ ڈنمارک اور آسٹریلیا نے بھی میگا ایونٹ میں جگہ بنا لی ہے جبکہ ورلڈ کپ کی آخری ٹیم کا فیصلہ کل ہو گا۔

سویڈن کے بعد ڈنمارک اور آسٹریلیا نے بھی فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ڈنمارک نے آئرلینڈ اور آسٹریلیا نے  ہنڈراس کو یکطرفہ مقابلوں کےبعد شکست دے کر میگا ایونٹ میں جگہ بنائی۔  

آئرلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے چھٹے منٹ میں ہی گول داغتے ہوئے آغاز تو عمدہ کیا  لیکن پھر ڈنمارک کی ٹیم حاوی ہوگئی اور آئرلینڈ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

ڈنمارک کے اریکسن نے تین گول  اسکور کرکے ٹیم کی میگا ایونٹ میں رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے کوالیفائر میں آسٹریلیا نے ہنڈراس کو باآسانی تین ایک سے شکست دے کر ورلڈ کپ کی سیٹ بک کرا لی۔

فیفا ورلڈ کپ میں آخری ٹیم کا فیصلہ سولہ نومبر کو ہوگا جس میں نیوزی لینڈ اور پیرو  میں سے کوئی ٹیم  فیفا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرے گی۔