Friday, April 26, 2024

ڈسٹرکٹ ہسپتال نارروال کا عملہ مریضوں کو زائدالمیعاد ادویات دیتے پکڑا گیا

ڈسٹرکٹ ہسپتال نارروال کا عملہ مریضوں کو زائدالمیعاد ادویات دیتے پکڑا گیا
January 2, 2016
نارووال (92نیوز) ڈسٹر کٹ ہسپتال کے میڈیسن سٹور سے لاکھوں روپے مالیت کی زائدالمیعاد ادویات برآمد‘ جان بچانے والی ادویات بھی زائد المیعاد ہونے سے مریض جان کی بازی ہارنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نارووال کے میڈیسن سٹور میں پڑی لاکھوں روپے مالیت کی ادویات زائد المیعاد ہو گئی ہیں۔ ڈسٹر کٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال نارووال کے میڈیسن سٹورمیں ڈکلوران درد والے انجکشن سمیت دل کے مریضوں کی جان بچانے والی ادویات اور دیگرادویات زائدا لمیعاد ہو چکی ہیں۔ 92نیوز نارووال کی ٹیم جب ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرز نارووال کے سٹور میں پہنچی تو زائد المیعاد ادویات سے بھرے کاٹن پڑے ہوئے تھے۔ ہسپتال انتظامیہ نے میڈیا ٹیم سے بد تمیزی کرتے ہوئے زائدالمیعاد ادویات سرکاری ایمبولینس میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر نے کی کوشش کی جسے میڈیا ٹیم نے ناکام بنا دیا۔ زائدالمیعاد ادویات نہ صرف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے مین میڈیکل سٹور میں موجود تھیں بلکہ ہسپتال کے وارڈز میں موجود نرسنگ اسٹیشن پر بھی موجود تھیں جہاں سے مریضوں کو زائد المیعاد ادویات مفت دی جارہی تھیں۔ میڈیسن سٹور کیپر ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نارووال الیاس مسیح نے کہا کہ ہسپتال میں موجود ادویات ریکارڈ کے مطابق زائدالمیعاد ادویات اکتوبر 2015ءسے پہلے ہی ختم ہو چکی ہیں مگر سٹور کیپر زائدالمیعاد ادویات سے بھر ے میڈیسن کے کاٹن کی چھپانے میں ناکام رہا اور سرکاری ایمبولینس کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کروانے کی کوشش کرتا رہا۔