Saturday, May 18, 2024

ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن مہمند دفتر پر دھاوا، نثار مہمند کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز

ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن مہمند دفتر پر دھاوا، نثار مہمند کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز
December 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) بلدیاتی انتخابات میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن مہمند کے دفتر پر دھاوا بولنے والے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نثار مہمند کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے بھی واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے۔

ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی نثار مہمند کی جانب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس پر دھاوا معاملہ سنگین ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قبائلی ضلع مہمند نے ڈی پی او کے نام خط ارسال کردیا جس میں نثار مہمند کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نثار مہمند نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دفتر میں سٹاف کو ہراساں کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے اپنے ورکرز کو تشدد کے لیے اشتعال دلایا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دفتر پر ایک ہی دن میں دو مرتبہ دھاوا بولا گیا۔ سرکاری اُمور میں مداخلت، سٹاف کو ہراساں اور دفتر کی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے بھی واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ دوسری جانب آئی جی خیبر پختون خوا نے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔