Saturday, April 20, 2024

ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی کروڑوں مالیت کی ادویات قبضے میں لے لیں ‏

ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی کروڑوں مالیت کی ادویات قبضے میں لے لیں ‏
April 7, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی کروڑوں مالیت کی ادویات قبضے میں لے لیں ۔

ادویات ساز کمپنیوں کی من مانیوں کے خلاف ڈریپ حرکت میں آگیا ، لاہور ، کراچی اور پشاور میں کارروائیاں  کی گئیں ۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی  نے لاہور، کراچی اور پشاورمیں بڑی کارروائیاں  کی ،  غیرقانونی طور پرقیمتیں بڑھانے میں ملوث 28 کمپنیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔

زائد قیمت وصول کرنے والی 83 کمپنیوں کا اسٹاک بھی قبضے میں لےلیا جبکہ  ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 59 دواساز کمپنیوں کےخلاف کریک ڈاؤن  کرتے ہوئے 226 مختلف ادویات کا اسٹاک قبضے میں لیا گیا۔

ڈریپ کا کہنا ہے زیادہ قیمت وصول کرنے والی کمپنیوں کےخلاف ڈرگ ایکٹ کےتحت مقدمات درج کیے جارہے ہیں ، سرکاری اسپتالوں سے ادویات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ۔

وفاقی وزیر صحت عامر کیانی  نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات ریاست کی ذمہ داری ہے ،ادوایات قیمتوں میں غیرقانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کی ادویات قبضے میں لے لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس انڈسٹری میں لاکھوں لوگوں کا روز گار وابستہ ہے ، انڈسٹری کے لوگ حد سے زیادہ بڑھیں  گے تو کارروائی ہوگی، لائسنس بھی منسوخ کریں گے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ضروری ہے کہ لوگوں کو ادویات ملتی رہیں۔خیبر پختونخوا میں ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کرائے۔ آئندہ چھ ماہ میں کے پی کے علاوہ نو ملین ہیلتھ انشورنس کارڈز لوگوں کو دیے جائیں گے۔