Wednesday, April 24, 2024

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد تک اضافہ کر دیا

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں پندرہ فیصد تک اضافہ کر دیا
January 11, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں ایک ہزار چوراسی مختلف ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے اور یہ اضافہ دوا کی پیکنگ پر تحریر کرنا ہو گا۔ غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر ایک اور بوجھ آ گیا۔ ایک ہی جھٹکے میں ایک ہزار چوراسی مختلف ادویات کی قیمتوں میں دس سے پندرہ فیصد اضافہ کر دیا گیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔ سیرپ ، کیپسول ، انجیکشن سمیت ایک ہزار چوراسی مختلف ادویات مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ڈریپ نوٹی فکیشن کے مطابق ٹی بی، مختلف اعصابی امراض، کینسر اور جلد کی بیماریوں کی مختلف اقسام اور جان بچانے والی ادویات مہنگی ہو گئی۔ عوام کو اب نزلہ زکام، کھانسی اور دیگر بیماریوں کے علاج کی دواؤں کے حصول کیلئے بھی زیادہ پیسے ادا کرنے ہوں گے۔ کمپنیوں کی جانب سے ڈریپ کو سفارش کی گئی تھی کہ ادویات کی پیداوار کیلئے 90 فیصد خام مال سمیت پیکیجنگ کا سامان درآمد کیا جاتا ہے اور روپے کی قدر میں کمی کے بعد ادویات سازوں کیلئے ممکن نہیں کہ وہ موجودہ ریٹیل قیمت پر ادویات کی پیداوار کریں سکیں۔ نوٹی فیکشن کے مطابق ادویا ساز کمپنیوں کو حالیہ اضافہ دوا کی پیکنگ پر تحریر کرنا ہو گا۔