Sunday, September 8, 2024

ڈرون گرائے جانے کے بعد صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دیا، پھر واپس لے لیا، امریکی اخبار

ڈرون گرائے جانے کے بعد صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دیا، پھر واپس لے لیا، امریکی اخبار
June 21, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) مشرق وسطیٰ میں ایک اور جنگ چھڑِنے سے بچ گئی۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ جاسوس ڈرون گرائے جانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دیا، پھر تھوڑی دیر بعد اِسے واپس لے لیا۔ ایران پاسداران انقلاب نے گزشتہ روز صوبہ ہرمزگان میں تیرہ کروڑ ڈالر لاگت کا امریکی جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا تھا جس کے بعد سے خطے میں حالات مزید کشیدہ ہو گئے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈرون گرانے  کو ایران کی بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق واقعے سے متعلق وائٹ ہاؤس میں ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں اعلیٰ عسکری حکام اور کانگریس رہنما شریک ہوئے ۔ میٹنگ کے دوران ٹرمپ نے  ایرانی ریڈارز اور میزائل بیٹریز کو نشانہ بنانے کا حکم دیا جس کیلئے  تیاریاں ابتدائی مراحل میں تھیں کہ ٹرمپ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ امریکی  اخبار کے مطابق یہ فوجی کارروائی جمعہ کو علی الصبح کی جانی تھی تاکہ ایرانی  فوج اور  شہریوں کا کم سے کم نقصان ہو۔ پینٹاگون اور وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے بیان دینے سے گریز کیا۔ دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ  ایران  کیخلاف عسکری کارروائی  خطے کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ ایران  ایٹمی معاہدے  کی  مکمل پاسداری کر رہا ہے اور اس  پر  اقتصادی پابندیاں بے بنیاد ہیں۔