Thursday, April 25, 2024

ڈرامہ نگار اور افسانہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی

ڈرامہ نگار اور افسانہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی
June 7, 2019
لاہور (92 نیوز) معروف مصنف ، ڈرامہ نگار اور افسانہ نگار ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں اداکار قوی خان ، اصغر ندیم سید اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کئی ماہ سے علالت اور ابتر معاشی صورتحال سے دوچار ڈاکٹر انور سجاد کی وجہ شہرت افسانے، ڈرامہ نگاری اور اداکاری ہے۔ ادبی منظر نامے میں اپنے نام اور کام سے شہرت یافتہ ڈاکٹر انور سجاد بیماری، بڑھاپے، تنہائی اور کسمپرسی سے جنگ لڑرہے تھے۔ کئی ماہ قبل ڈاکٹر انور سجاد نے اہلیہ کے ذریعے چند سطری خط صدر مملکت عارف علوی کے نام بھیجا تھا اور حکومت و اداروں کی بے اعتنائی کو آشکار کیا تھا۔ صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر انور سجاد نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کراچی میں بھی خدمات سر انجام دیں۔ مارشل لا دور میں پابند سلاسل بھی رہے،  لاہور سے الیکشن بھی لڑا۔ ڈاکٹر انور سجاد طویل علالت کے بعد چھ جون کو خالق حقیقی سے جاملے اور اردو ادب کا ایک روشن ستارہ راہ عدم کا مسافر ہو گیا۔