Friday, April 26, 2024

ڈاکٹرامیر محمد خان نے گورنر بلوچستان کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی

ڈاکٹرامیر محمد خان نے گورنر بلوچستان کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی
August 26, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے گورنر بلوچستان کاعہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی ۔امیر محمد جوگیزئی نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ  مجھ پر کسی قسم کا کوئی کیس یا ایف آئی آر نہیں  ، جس کیس کا ذکر کیا گیا وہ 2005  کا ہے ، میرے بڑے گورنر اور وزرا رہ چکے ہیں ، میں نہیں چاہتا میری وجہ سے  کسی کے اوپر کوئی حرف آئے ۔ ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم اور بلوچستان عوامی پارٹی  کی جانب سے اپنے اوپر اعتماد کیلئے شکر گزار ہوں مگر میں یہ عہدہ قبول نہیں کر سکتا۔ قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کوگورنر  بلوچستان کیلئے نامزد کیا تھا ڈاکٹر امیرمحمد جوگیزئی کا تعلق بلوچستان کے ضلع لورالائی سے ہے وہ  فاطمید فاؤنڈیشن کے سینئر ٹرسٹی ہیں  ، صحت وتعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی این جی او ہیلپ بلوچستان کے سربراہ بھی ہیں ۔ ڈاکٹر امیرمحمد چیف ایگزیکٹو فاطمید فاؤنڈیشن کڈنی سینٹر بھی رہ چکے ہیں  جبکہ چلڈرن اسپتال کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے ، وہ امریکن میڈیکل سوسائٹی کے ممبر بھی ہیں۔ ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کو 2012 میں ملائشیا میں بہترین ایشین پیڈیاٹریشن کے ایوارڈ سے نوازا گیا،وہ  ملک اور بیرون ملک متعدد قومی اور بین الاقوامی سیمیناروں اور ورکشاپس میں تحقیقی مقالے بھی پیش کرچکے ہیں ۔