Saturday, April 20, 2024

ڈاکٹر یاسمین راشد آپ اپنا کام کریں ، آپ کا کیریئر بے داغ ہے ، چیف جسٹس

ڈاکٹر یاسمین راشد آپ اپنا کام کریں ، آپ کا کیریئر بے داغ ہے ، چیف جسٹس
January 12, 2019
 لاہور (92 نیوز) پی کے ایل آئی میں بےضابطگیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو کہا آپ اپنا کام کریں ، آپ کا کیریئر بے داغ ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پی کے ایل آئی میں بے ضابطگیوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور فریقین کے وکلاء کو سولہ جنوری کو جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا۔  ڈی جی اینٹی کرپشن نے پی کے ایل آئی میں بے ضابطگیوں پر رپورٹ پیش کی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن نے مؤقف اختیار کیا کہ پی کے ایل آئی فاسٹ ٹریک پراجیکٹ تھا اسی وجہ سے قانون کی سنگین خلاف ورزی ہوئی۔ کنسلٹنٹس کو بھاری ادائیگیاں کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے پراجیکٹ رکنے نہیں دینا، اینٹی کرپشن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔ چیف جسٹس نے صوبائی وزیر صحت کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سرکاری سطح ہر بچوں کے جگر کے علاج کے لیے کوئی سہولت نہیں۔ چاہتے ہیں یہ اسپتال حکومت چلائے ٹرسٹ نہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں میڈیکل یونیورسٹیز سےمتعلق کیس میں وزیرصحت پنجاب پیش ہوئیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ریمارکس پر اپوزیشن مجھ سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کواستعفی نہیں دینے دیں گی، کام کریں، آپ کا کیریئر بے داغ ہے۔ ہمارے خلاف بھی مہم چلائی جاتی ہے،کیا ان حالات میں کام کرنا چھوڑ دیں؟۔ چیف جسٹس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کا کردار قابل تحسین ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں یاسمین راشد نے کہا کہ  چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو استعفی نہیں دینے دیں گے۔ پی کے ایل آئی کے سروس اسڑکچر کی قانون سازی سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چونتیس ارب خرچ ہو گئے ۔ اس میں چار اسپتال بن سکتے تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ پی کے ایل آئی چھ ماہ میں کام شروع کر دے گا۔