Thursday, April 25, 2024

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کےگرفتار ملزمان کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کےگرفتار ملزمان کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل
June 19, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے ،ملزمان کو گزشتہ روز چمن بارڈر سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ  ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کے لئے اینٹ اور تیز دھار آلے کا استعمال کیاگیا ،منصوبے میں  لندن سے بھی معاونت حاصل رہی۔ محسن علی سید اور خالد شمیم کی گرفتاری نے پانچ سال سے عمران فاروق کے قاتلوں کا پیچھا کرنے والی لندن پولیس کی تمام  مشکلیں آسان کردی ہیں۔ ملزم محسن  نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کرنے کے لئے انہیں ہائر کیا گیا، فروری 2010سے ستمبر تک شمالی لندن  میں عمران فاروق کی ریکی کی گئی ،سکیورٹی سخت ہونے کی وجہ سے پسٹل یا بندوق کے بجائے تیز دھار آلہ اور اینٹ استعمال کی گئی۔ ملزموں کے تفتیشی ٹیم کے سامنے کئے گئے انکشاف کے مطابق انہیں ہدایات ملی تھیں کہ قتل کے فوری بعد لندن چھوڑ دیں۔ ملزموں کی گرفتاری کے بعد انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرکے بیان قلمبند کروایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد  میٹرو پولیٹن پولیس پاکستان آئے گی۔ دوسری جانب وزارت داخلہ  نے ملزموں کی گرفتاری کی تو تصدیق کی ہے تاہم تفتیش کے حوالے سے محتاط رویہ اپنایا ہے۔