Thursday, March 28, 2024

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اہم اجلاس طلب

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اہم اجلاس طلب
December 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اہم فیصلوں کےلئے پیر کو اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ جے آئی ٹی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت عدم گرفتار ملزموں کے وارنٹ گرفتاری، جائیداد کی ضبطگی اور انٹر پول کے ذریعے گرفتاری جیسے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لئے جے آئی ٹی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس 21دسمبر کو طلب کیا ہے۔ ایف آئی اے کاونٹر ٹیررازم ونگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں جے آئی ٹی کیس میں اب تک ہونے والی تفتیش کا جائزہ لے گی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ جے آئی ٹی کے اجلاس میں مقدمے میں عدم گرفتار ملزم الطاف حسین‘ محمد انور ،افتخار حسین اور کاشف خان کامران کے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ جے آئی ٹی کے اجلاس میں ریکارڈ کے حصول کے لئے خصوصی ٹیم کراچی بھیجنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ اگر ملزم گرفتار نہیں ہوتے تو اس صورت میں ملزموں کے عدالت سے اشتہار جاری ہونے کے بعد زیر دفعہ 87 اور 88کے تحت ان کی جائیداد ضبط کروائی جائے جبکہ ملزموں کے ریڈ وارنٹ حاصل کرکے انہیں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کافیصلہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ جے آئی ٹی کے اجلاس میں ہونے والے اہم فیصلے لندن مین مقیم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے لئے مزید مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔