Friday, May 3, 2024

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت، سکاٹ لینڈ کی خصوصی ٹیم اہم ثبوت لیکر پاکستان آئے گی: ذرائع

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت، سکاٹ لینڈ کی خصوصی ٹیم اہم ثبوت لیکر پاکستان آئے گی: ذرائع
May 17, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ثبوتوں تک رسائی کے لیے سکاٹ لینڈ یارڈ نے رضامندی ظاہر کر دی۔ برطانوی پولیس کی خصوصی ٹیم آئندہ تین روز تک اہم ثبوت لے کر پاکستان پہنچے گی۔ سکاٹ لینڈ کی پاکستان آمد کیس میں ایک بڑا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گی۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں کی حوالگی کی درخواست پر سکاٹ لینڈ یارڈ اور پاکستان کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا تھا۔ برطانوی پولیس نے پاکستان کو کیس کے اہم ثبوتوں تک رسائی سے انکار کر دیا تھا جس سے کیس کا ٹرائل التوا کا شکار ہو گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ایک خصوصی ٹیم اسی ہفتے کچھ اہم ثبوتوں کے ساتھ پاکستان پہنچے گی۔ برطانوی پولیس جے آئی ٹی کے سربراہ مظہر کاکا خیل سے ملاقات کرے گی اور ثبوت ان کے حوالے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ثبوتوں میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی میڈیکل رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر دستاویزات شامل ہوں گی جبکہ  پاکستانی ٹیم کی برطانیہ روانگی کے حوالے سے بھی سکاٹ لینڈ یارڈ سے معاملات طے کئے جائیں گے۔ دسبمر 2015 میں پاکستان میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ایف آئی اے نے ملزم محسن علی، خالد شمیم اور معظم علی کی گرفتاری ظاہر کی تھی۔ ناکافی ثبوتوں کے پیش نظر پاکستان نے برطانیہ کو ملزموں کی حوالگی کی درخواست کی تھی جس سے سکاٹ لینڈ یارڈ اور ایف آئی اے کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا تھا۔