Friday, April 19, 2024

ڈاکٹر عاصم کیس : ایم کیو ایم 3 اور پیپلزپارٹی کے 2 رہنماﺅں کی گرفتاری کا حکم

ڈاکٹر عاصم کیس : ایم کیو ایم 3 اور پیپلزپارٹی کے 2 رہنماﺅں کی گرفتاری کا حکم
December 30, 2015
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس کے نامزد پانچ ملزموں کے ناقابل ضمانٹ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے گواہوں کے بیانات اور چارج شیٹ نامکمل پیش کرنے پر سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے ٹی سی کورٹ ٹو میں ڈاکٹر عاصم کو دہشت گردی کے مقدمے میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر الطاف حسین نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف گواہوں کی نامکمل تفصیلات اور چارج شیٹ پیش کیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کرپشن کے کیس میں ریمانڈ پر ہیں تاہم مقدمے میں نامزد ایم کیوایم کے رہنما روف صدیقی نے ضمانت حاصل کرلی ہے۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزم وسیم اختر، سلیم شہزاد ، انیس قائم خانی ، قادر پٹیل اور عثمان معظم کے خلاف رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر کی سرزنش کی۔ تفتیشی افسر نے گواہوں کے بیانات کی نقول کی کاپی فراہم کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔ عدالت نے ضمانت نہ کروانے والے نامزد ملزموں کو گرفتار کرکے آٹھ جنوری تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر عاصم ایک بارپھر عدالت میں بول اٹھے۔ کہنے لگے کہ وہ گناہ گار ضرور ہیں لیکن علاج کا حق رکھتے ہیں جس ڈاکٹر سے علاج کروانا چاہتا ہوں‘ اس کے سامنے پیش نہیں کیا جارہا۔ عدالت نے ملزم کو احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔