Wednesday, April 24, 2024

ڈاکٹر عاصم کرپشن کیس کی سماعت‘ نئے پبلک پراسیکیوٹر کا پہلا امتحان

ڈاکٹر عاصم کرپشن کیس کی سماعت‘ نئے پبلک پراسیکیوٹر کا پہلا امتحان
December 21, 2015
کراچی (92نیوز) وزارت پیٹرولیم میں چھپن ارب روپے کی کرپشن اور چارسو ایکڑ سے زائد اراضی پر قبضے کے ملزم ڈاکٹر عاصم حسین کے کیس کی سماعت آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہو گی۔ سندھ حکومت نے سماعت سے ایک دن قبل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو مقدمے سے ہٹا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین پر چھپن ارب روپے کی کرپشن اور چار سو تیس ایکڑ اراضی پر قبضے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کو پنا ہ اور انکے علاج معالجے کا بھی الزام ہے۔ آج ہونے والی سماعت سے ایک دن قبل بنا نوٹس اور پیشگی اطلاع کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو مقدمے کی پیروی سے ہٹا دیا گیا اور نثار درانی نئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرتعینات کر دیے گئے۔ ہائی پروفائل مقدمے کی پیروی سے ہٹائے جانے والے مشتاق جہانگیری نے حکومتی اقدام کو عدالت میں چیلنج کررکھا ہے۔ دوسری جانب تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین ڈاکٹر عاصم کو بےگناہ قرار دینے اور مقدمہ اے کلاس کرنے کی رپورٹ پہلے ہی نثار درانی کے سپرد کر چکے ہیں۔ رپورٹ کو نثار درانی منظور کر کے عدالت میں پیش کریں گے۔ وزارت پیٹرولیم کے 5 اداروں میں ہونے والے ہونے والی کرپشن کے خلاف ڈاکٹر عاصم سے تفتیش ہونا ابھی باقی ہے۔ قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ عاصم حسین پر سے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ ختم کرنے سے کرپشن کے زیر تفتیش کیسز بھی کمزور پڑ جائیں گے۔