Saturday, May 4, 2024

ڈاکٹر عاصم سے فردجرم ٹل گئی‘ قادر پٹیل کی درخواست ضمانت مسترد

ڈاکٹر عاصم سے فردجرم ٹل گئی‘ قادر پٹیل کی درخواست ضمانت مسترد
October 15, 2016
کراچی (92نیوز) بورڈ آف ریونیو کے گواہ عمادالدین نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کو ایک ایک روز میں کئی کئی ایکڑ زمین الاٹ ہوتی رہی۔ عدالت میں پیشی کے بعد ڈاکٹر عاصم کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ انہیں انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کیے بغیر ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب اے ٹی سی نے پیپلزپارٹی کے رہنما قادر پٹیل کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کی کرپشن میں گرفتار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی آج دو عدالتوں میں تین مقدمات میں پیشیاں تھیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین کو کرپشن اور زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت پر سابق وزیر کے خلاف بورڈ آف ریونیو کے گواہ عمادالدین کے بیان پر وکلاءنے جرح کی۔ گواہ نے بیان دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ایک ایک روز میں کئی کئی ایکڑ زمین الاٹ کی گئی۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے دلائل دیے کہ جن زمینوں کی الاٹمنٹ ظاہر کی گئی انکی لیز موجود نہیں۔ گواہ نے بیان دیا کہ زمین کی لیز ڈپٹی کمشنر کرتا ہے بورڈ آف ریونیو کو زمینیں الاٹ کرنے کا اختیار نہیں۔ سترہ ارب روپے کے دوسرے کیس میں شریک ملزم بشارت مرزا کے وکیل نے دلائل دیے کہ ملزم نے ڈاکٹر عاصم حسین کی ہمیشہ مخالفت کی اور غیرقانونی ٹھیکے دینے میں رکاوٹ بنے۔ بشارت مرزا کا بلاجواز عاصم حسین کے ساتھ نام منسلک کرکے ریفرنس میں شامل کیاگیا۔ سرکاری وکیل نے بشارت مرزا کے وکیل کی درخواست پر جواب الجواب جمع کروانے کی مہلت مانگ لی۔ احتساب عدالت سے اے ٹی سی روانگی سے قبل احاطہ عدالت میں عاصم حسین کی طبیعت بگڑ گئی ۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ 3 گھنٹے تک سماعت کے دوران بیٹھنے کی بنا پر ڈاکٹر عاصم حسین کی کمر میں تکلیف بڑھ گئی۔ ملزم کو اے ٹی سی پیش کرنے کے بجائے جناح اسپتال منتقل کیا جائے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دہشت گردوں کو علاج فراہم کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مرکزی ملزم عاصم حسین کہاں ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی طبیعت ناساز ہے۔ عدالت نے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزم حاضری یقینی بنائیں۔ فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے شریک ملزم قادر پٹیل کی درخواست ضمانت بھی مستردکردی۔