Tuesday, April 23, 2024

ڈاکٹر عاصم حسین بالکل صحت مند ہیں: رینجرز کا حلف نامہ

ڈاکٹر عاصم حسین بالکل صحت مند ہیں: رینجرز کا حلف نامہ
October 22, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم حسین کے علاج معالجے پر توہین عدالت کیس میں رینجرز کے کرنل امجد نے حلف نامہ جمع کروادیا۔ حلف نامے کے مطابق عاصم حسین مکمل فٹ ہیں اور انکا علاج رینجرز کے ڈاکٹرز کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کے کیس کی سماعت جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ عدالتی حکم پر رینجرز کے کرنل امجد نے ذاتی حیثیت میں حلف نامہ جمع کروادیا۔ حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کو رینجرز کا پیرامیڈیکل اسٹاف اور رینجرز کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں علاج مہیا کیا جارہا۔ ڈاکٹر عاصم کے تمام میڈیکل ٹیسٹ نارمل ہیں اور وہ فٹ ہیں۔ کرنل امجد کے حلف نامے کو ہائیکورٹ کے ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ کرپشن اور دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے جرم میں حراست میں لئے گئے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج معالجہ فراہم نہ کئے جانے کے حوالے سے توہین عدالت کی درخواست انکی اہلیہ نے سندھ ہائیکورٹ میں داخل کی تھی۔