Sunday, September 8, 2024

ڈاکٹر عاصم بھی دہری شہریت کے حامل نکلے ،نامزدمیئرکراچی وسیم اختر کی ضمانت بھی منظور

ڈاکٹر عاصم بھی دہری شہریت کے حامل نکلے ،نامزدمیئرکراچی وسیم اختر کی ضمانت بھی منظور
January 19, 2016
کراچی(92نیوز)سابق وفاقی وزیرڈاکٹرعاصم حسین بھی دہری شہریت کےحامل نکلے ڈاکٹرعاصم کی دہری شہریت کا انکشاف ان کے وکلا نے انسدادہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے دوران کیا دوسری  طرف عدالت نے ایم کیوایم کے نامزد مئیر وسیم اختر کی ضمانت منظور کرلی۔ تفصیلات کےمطابق انسدادہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کےخلاف دہشت گردوں کا علاج اور پناہ دینے کے مقدمے کی سماعت ہو ئی۔عاصم حسین سمیت کیس میں نامزد دیگر ملزم پیش ہوئے تفتیشی افسرنے مفرور ملزموں کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما انیس قائم خانی اور پیپلزپارٹی کے قادرپٹیل اپریل 2015 میں ملک سے فرار ہو ئے اورسلیم شہزاد لندن میں مقیم ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل عامر رضا نقوی نے عدالت میں انکشاف کیا کہ ملزم کینیڈا کی بھی شہریت رکھتا ہے رینجرز کی تحویل سے پاسپورٹ واپس دلوایا جا ئے۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں مفرور ملزموں کے 30جنوری تک ایک بارپھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئے۔دوسری جانب کیس میں نامزد وسیم اختر نے گرفتار ی سے بچنے کے لیے درخواست ضمانت دائر کردی ۔ عدالت نے وسیم اختر کی دس لاکھ روپوں کے عوض ضمانت منظور کی ۔ تاہم وسیم اختر نے دس لاکھ روپے ادا کرنے سے معذرت کرلی  ملزم کے وکیل نے کہا کہ وسیم اختر کو کراچی میں صفائی ستھرائی اور گٹر کے ڈھکن لگانے ہیں اس لیے ان کو ضمانت دی جائے ۔ جس پر جج نے ریمارکس میں کہا کہ وسیم اختر پہلے کراچی میں گٹر کے ڈھکن لگالیں پھر ضمانت ملے گی ۔عدالت نے وسیم اختر کی ضمانت 5 لاکھ روپے کے عوض منظور کرتے ہوئے روف صدیقی کی ضمانت میں بھی مزید توسیع کردی ۔