Thursday, March 28, 2024

ڈاکٹر عاصم ای سی ایل کیس، سپریم کورٹ کا سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس

ڈاکٹر عاصم ای سی ایل کیس، سپریم کورٹ کا سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس
November 24, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر کے کیس کی سماعت آئندہ منگل پر ملتوی کر دی۔
ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سر براہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت میں لطیف کھوسہ کے پیش ہونے پر جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کیس لے کر دوبارہ آ گئے ہیں۔ اخبار میں تو خبر تھی کہ نام ای سی ایل سےنکال دیا گیا ہے۔
اس پر لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ نام کل تک نہیں نکالا گیا تھا جس پر جسٹس فائز عیسٰی نے استفسار کیا کہ آیا عدالتی آرڈر کی کاپی وزارت داخلہ کوبھجوائی گئی تھی ؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ای سی ایل سے نام ایسے نکالا جاتا ہے کہ لگتا ہے کہ حکومت خیرات دی رہی ہو۔
اس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ آپ بھی اپنے دور میں یہی کچھ کرتے رہے ہونگے تبھی اپ کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ منگل پر ملتوی کر دی۔