Sunday, September 8, 2024

ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن روانہ

ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن روانہ
August 21, 2017

لاہور (92 نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس میں شرکت کے لئے لندن روانہ ہوگئے۔۔ کہتے ہیں حکمرانوں کوآئین کےآرٹیکل باسٹھ اورتریسٹھ میں ترمیم کاموقع نہیں ملے گا،نیب شریف خاندان کوکسی بھی وقت گرفتارکرسکتاہے، طاہرالقاردی اکتیس اگست کووطن واپس آئیں گے۔

برطانیہ روانگی سے پہلے لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو آرٹیکل 62 اور 63  میں ترمیم کرنے کی جرات نہیں ہے اور نہ ہی ان کو یہ موقع ملے گا۔

نیب میں شریف خاندان کی عدم پیشی پر ان کہنا تھا کہ نیب میں شریف خاندان کو تیسرا موقع دیا جارہا ہے۔ نیب کے پاس اختیار ہے کہ اگر شریف خاندان پیش نہیں ہوتا تو ان کو گرفتار کیا جائے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس  کے سوال پر انہوں نےکہا کہ یہ اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججز کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کو ناکامی ہوگی۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ صرف 4 دن کے لئے لندن میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لئے جارہے ہیں اوراس دوران مزید اچھی خبریں ملیں گی۔ انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ عیدالاضحیٰ کی نماز ان کے ساتھ ادا کریں گے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی جس میں سارے قاتل بے نقاب ہوجائیں گے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملے گا۔