Friday, April 26, 2024

ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
September 14, 2019
لاہور (92 نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ پارٹی کی چیئرمین شپ بھی چھوڑ دی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا فوکس سیاست دانوں کے مفادات کا تحفظ ہے، اس نظام میں صرف غنڈوں، ڈنڈے والوں اور سرمایہ داروں اور پیسے والوں کی جگہ ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ 1989 میں نے یہ اعلان کیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ دو بار انتخابات میں حصہ لیں گے، ہماری جدوجہد اقتدار کے لئے نہیں بلکہ نظام کو بدلنے کے لئے ہو گی، 1990 میں عوامی تحریک کو بنائے ہوئے 6 ماہ ہوئے تو انتخابات کا اعلان ہو گیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 5 ہزار عوامی تعلیمی مراکز پورے پاکستان میں قائم کئے تاکہ لوگوں کو شعور دیا جائے، سیاست میں آکر لوٹ مار کرنا اقتدار میں آ کر کرپشن کرنا پھر جانا اور وآپس آ کر لوٹنا پاکستان میں اس کو سیاست کہتے ہیں۔ ہم آلائنسس پر کوشش کر رہے تھے تو جنرل مشرف کا دور آ گیا اور پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر سیاسی بے بسی اورعوامی مسائل کو حل کرنے کے علاوہ سب کچھ ہوتا ہے، پارلیمنٹ کا فوکس صرف سیاستدانوں کے مفادات کا تحفظ ہے اور قوم و عوام کی فلاح نہیں ہے وہ صرف ایک سیاسی مباحثے کا پلیٹ فارم ہے۔ پارلیمنٹ کی یہ بے بسی دیکھ کر میں نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 2012 دسمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ مینار پاکستان میں سیاست نہیں ریاست بچائو کے نام سے کیا،ہم نے لانگ مارچ کیا جنوری 2013 میں پہلی بار کسی نے 62 اور 63 کی آواز سنی اور مردہ آرٹیکل کو زندہ کیا،اس وقت کے وزیراعظم نے 8 نکاتی انتخابی نظام کو تبدیل کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے اور لوگوں کو پتہ چلا کہ انتخابی نظام دھاندلی پر مبنی ہے۔ میں انتخابی اصلاحات کے لئے سپریم کورٹ میں بھی گیا لیکن انہوں نے بھی نہ سنی، 2002 سے لے کر آج تک انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا کیونکہ اس نظام میں متوسط لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، تقریبا 80 فیصد لوگ جماعت بدل بدل کر اقتدار میں آتے ہیں اور مقصد صرف لوٹ مار ہوتا ہے۔ ہم نے 3 ماہ اسلام آباد میں دھرنہ دیا اور نظام کو بدلنے اور آئین کے شعور کا درس دیا۔