Saturday, May 4, 2024

ڈاکٹر طاہر القادری سے آصف زرداری ، عمران خان اور شیخ رشید کے رابطے

ڈاکٹر طاہر القادری سے آصف زرداری ، عمران خان اور شیخ رشید کے رابطے
December 7, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سیاست میں ہلچل مچ گئی ۔ اپوزیشن جماعتوں کے سر براہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطے کرنے شروع کر دیئے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پہلے ڈاکٹر طاہر القادری سے پہلے ٹیلیفونک رابطہ کیا بعد میں خود ملاقات کیلئے لاہور پہنچ گئے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شیخ رشید نے ڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر رابطہ کیا اور اپنی حمایت کا یقین دلایا ۔
شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری لاہور پہنچے جہاں اُنہوں نے وفد کے ہمراہ منہاج القرآن میں ڈاکٹر طاہرالقادری سے اہم ملاقات کی ۔ آصف زرداری نے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن بربریت کی بدترین مثال ہے ۔ جبکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ رپورٹ کے بعد قاتل اور منصوبہ ساز بے نقاب ہو چکے ہیں ۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اب شہباز کو نہیں برداشت کریں گے ۔ اب تحریک بھی چلے گی اور سڑکوں پر بھی نکلیں گے ۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ نے واضح طور پر شہباز شریف کو قاتل ڈکلیئر کیا ہے ۔ قتل عام کا منصوبہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں بنایا گیا ۔
آصف زرداری نے واضح اعلان کیا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے پر ڈاکٹر طاہر القادری کی مدد کریں گے اور ان سے مدد لیں گے بھی ۔ علامہ صاحب کے ساتھ سیاسی اتحاد بھی ہوسکتا ہے ۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے پر ہم آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ اب نوازشریف اور شہباز شریف کو جانا ہو گا جبکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری پنجاب حکومت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ سو فیصد نتیجہ خیز ہے ۔
ملاقات میں خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ ،چودھری منظور اور ڈاکٹر قیوم بھی آصف زرداری کے ہمراہ تھے جبکہ خرم نواز گنڈا پور اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے بھی ملاقات میں شریک تھے ۔
دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ٹیلی فونک رابطے میں ہیں ۔ اُنہوں نے طاہر القادری کو پورے تعاون کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ڈاکٹر طاہرالقادری احتجاج کا رستہ اپناتے ہیں تو اُن کے ساتھ کھڑے ہو ں گے ۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اپنی حمایت کی یقین دہانی ۔
گزشتہ روز مسلم لیگ کے سر براہ چودھری شجاعت حسین نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کو ٹیلیفون کر کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا تھا ۔