Saturday, May 4, 2024

ڈاکٹر سلمان شاہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نئے ایڈوائزر تعینات

ڈاکٹر سلمان شاہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نئے ایڈوائزر تعینات
May 15, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ڈاکٹر سلمان شاہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے نئے ایڈوائزر تعینات کر دیئے گئے۔ یہ اکنامک افیئرز اور منصوبہ بندی کے مشیر ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے فوری چارج سنبھالنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ پنجاب حکومت کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ڈاکٹرسلمان شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مشیر برائے اکنامک افیئرز اور منصوبہ بندی ہوں گے۔ نوٹی فکیشن جاری ہوتے ہی وزیر اعلیٰ پنجاب نے سلمان شاہ کو فی الفوراپنا چارج سنبھالنے کی ہدایت کردی ہے ۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر سلمان شاہ ، سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی مشیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ سلمان شاہ کے تقرر کا نوٹی فکیشن محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کیبنٹ ونگ نے جاری کیا ہے جس کے تحت وہ مشیر کے عہدے کے تمام فوائد کے اہل ہوں گے اور اختیارات استعمال کر سکیں گے۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا چیلنج درپیش ہے اور بجٹ سازی کے حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات تھیں، پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کر پائی۔ مشیروں کی آئینی تعداد پوری ہونے کے باعث ڈاکٹر سلمان شاہ کو جگہ دینے کے لیے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر اکرم چوہدری عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اکرم چوہدری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سربراہ بنانے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا ہے۔