Sunday, September 8, 2024

ڈاکار ریلی 2016ء: موٹرسائیکل رائیڈر فرانسیسی انتوان میو ساتویں مرحلے کے فاتح

ڈاکار ریلی 2016ء: موٹرسائیکل رائیڈر فرانسیسی انتوان میو ساتویں مرحلے کے فاتح
January 10, 2016
بیونس آئرس (ویب ڈیسک) ڈاکار ریلی کی موٹر بائیک کیٹگری میں فرانس کے انتوان میو ساتویں مرحلے کے فاتح رہے جو ان کی ریلی میں پہلی کامیابی ہے جبکہ کار ریلی میں سپین کے کارلو سینز نے کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکار ریلی میں سپین کے کارلو سینز ساتویں مرحلے میں بھی فاتح رہے۔ موٹر بائیک کیٹگری میں میو نے تیزترین رفتار کے ساتھ موٹر سائیکل دوڑا کر بہترین کارکردگی دکھائی جبکہ ارجنٹائن کے کیون بیناویڈز دوسرے نمبر پر رہے۔ مجموعی لحاظ سے وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ بولیویا کے علاقے آئیونی سے ارجنٹائن کے سالٹا ریجن تک ہونے والی ریلی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ آنیوالی شدید بارش کی وجہ سے مختصر کرنا پڑی۔ اس مرحلے پر ہونڈا کے پرتگالی موٹر سائیکل سوا پاولو گون کالز اکتیس ویں نمبر پرتھے لیکن حادثے کا شکار ہونیوالے ساتھی ڈرائیور کی مدد کیلئے ٹھہر جانے کی وجہ سے ان کے ٹائم میں دس منٹ کی کٹوتی کی گئی تو وہ دوسرے نمبر پر آ گئے۔ آسٹریا کے واکر ران کی ہڈی ٹوٹ جانے کی بنا پر ریلی میں حصہ لینے کے قابل نہیں ہیں تاہم ان کے ٹیم میٹ ٹوبی پرائس موٹر سائیکل کیٹگری میں مجموعی طور پر اب بھی سب پر سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ کار کیٹگری میں ساتویں سٹیج کی فتح کیلئے سینز اور سباسچئن میں سخت مقابلہ ہوا لیکن جیت سینز کے حصے میں آئی۔