Sunday, September 8, 2024

ڈالر گرل کے لیے نیا شکنجہ تیار، ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کیخلاف اپیل تیار

ڈالر گرل کے لیے نیا شکنجہ تیار، ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کیخلاف اپیل تیار
March 12, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ماڈل ایان کے بیرون ملک اڑان بھرنے کا خواب ایک مرتبہ پھر چکنا چور ہوتا دکھائی دینے لگا ہے۔ کسٹمز حکام نے ملزمہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حتمی ڈرافٹ تیار کر لیا۔ کریمنل اپیل سوموار کو سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔ غیرملکی کرنسی سمگلنگ کے الزام میں کسٹمز حکام کی درخوست پر ماڈل ایان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ملزمہ نے نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے لئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ 7مارچ کو سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے ایان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا فیصلہ سنایا تاہم اس پر عملدرآمد 10روز کے لئے روک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز حکام نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کے لئے حتمی ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جسے سوموار 14مارچ کو سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔ 92نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق اپیل میں ماڈل ایان سے سرزد جرم کو نیشنل کرائم قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 5لاکھ سے زائد امریکی ڈالروں کی بیرون ملک سمگلنگ سے ایان نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اپیل میں سندھ ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار کو  چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ایان کے خلاف کیس کا ٹرائل حتمی مراحل میں ہے۔ سمگلنگ کے جرم میں اسے 50کروڑ سے زائد جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ بھاری جرمانے کی سزا کی صورت میں نام ای سی ایل خارج نہیں کیا جا سکتا کیونکہ موقع ملتے ہی ملزمہ کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔