Sunday, September 8, 2024

ڈالر کی قیمت 142 روپے پر جا کر آج ہی 139 روپے 5 پیسے پر آگئی

ڈالر کی قیمت  142 روپے پر جا کر آج ہی 139 روپے 5 پیسے پر آگئی
November 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ڈالر تاریخ کی بلند ترین اڑان کے بعد معمولی نیچے آگیا۔ قیمت  142 روپے پر جا کر آج ہی 139روپے 5 پیسے پر آگئی۔ کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں آٹھ روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈالر کی قیمت کو ایک بار پھر اچانک پر لگ گئے۔ ایک لمحے میں آٹھ روپے کا اضافہ ہوا اور قیمت ایک سوبیالیس روپے تک پہنچ گئی تاہم کچھ دیربعد روپے نے ہمت پکڑی تو ڈالر کی قیمت ایک سو انتیس روپے پانچ پیسے ہو گئی۔ شہریوں نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل  فیصل واوڈا نے کہا کہ بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ماضی کی طرح جلد ہی ڈالر کی قیمت پر قابو پا لیں گے۔ معاشی ماہرین نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کو معیشت کے لئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔ دوسری طرف اسد عمر کا کہنا ہے ڈالر کی طلب اور رسد میں نمایاں فرق ہے ۔  پچھلے دور میں روپے کی قدر مصنوعی طریقے سے زیادہ رکھی گئی جس سے قرضے بڑھے۔ ادھر ڈالر کی دیکھا دیکھی، سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے۔ فی تولہ سونا ہزار روپے مہنگا ہو کر 64 ہزار 500 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔