Wednesday, April 24, 2024

ڈالر کی بڑھتی قیمت نے روپے کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ڈالر کی بڑھتی قیمت نے روپے کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
December 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت نے روپے کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان آنے کا خدشہ ہے جبکہ حکمران چین کی بانسری بجانے لگے۔
ڈالرکے مقابلے میں روپیہ گر گیا۔ تیل و گیس کی قیمتیں بے قابو ہونے کو ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ جائیں گے۔ اشیائے ضروریات پر اس کے اثرات چند دنوں میں سامنے آنے والے ہیں۔
مہنگائی کی پیشن گوئی ورلڈ بینک اپنی اکتوبر کی رپورٹ میں کر چکا تھا لیکن حکومت نے وارننگ پر کان نہ دھرا۔
دوسری طرف سٹیٹ بینک نے جولائی میں اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ روپے کی قدر گرنے کو ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سب اچھا ہے کہہ کر بات ٹال دی۔
ڈالرکی قیمت بڑھنے سے صنعتی خام مال مزید مہنگا ہو رہا ہے۔ مقامی مارکیٹ اور ایکسپورٹ کے لئے تیار ہونے والے مال بڑھتی ہوئی قیمت پر فروخت ہونا نا ممکن ہے۔ درآمدات میں بھی کمی ہونے کا اندیشہ ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صور تحال مزید تشویشناک ہو جائے گی۔ وزارت صنعت و پیداوار کے پاس اسی صور تحال سے نمٹنے کے لئے کوئی پالیسی نہیں۔
ڈالرمزید مہنگا ہوا تو مہنگائی کا سونامی پاکستان کو اپنے لپیٹ میں لے لے گا۔