Sunday, September 8, 2024

ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کا طوفان برپا ، عوام پریشان ہو گئے

ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کا طوفان برپا ، عوام پریشان ہو گئے
December 1, 2018
کراچی (92 نیوز ) ملکی تاریخ میں ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ،اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اچانک حد درجہ اضافہ ہونے سے غریب عوام پریشان ہو گئے ۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے فی کلو آٹے کی قیمت میں  ایک روپے اضافہ ہو گیا جب کہ مختلف اقسام کے چاول دو تا 5 روپے مہنگے ہو کر ساٹھ سے 150 روپے فی کلو فروخت ہونے لگے ہیں ۔ گھی کی فی کلو قیمت 10 روپے بڑھ کر 165 جبکہ تیل کی قیمت 10روپے اضافے کے بعد 170 روپے فی کلو تک جا پہنچی ۔ میٹھی چینی بھی دو روپے مہنگی ہو کر منہ کڑوا کرنے لگی ، چینی کی فی کلو قیمت 52 روپے ہو گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ خشک دودھ کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 865 روپے ہو گئی ۔ ادھر پتی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، فی کلو پتی کی قیمت 860 روپے ہے۔ مختلف اقسام کے صابن کی قیمت میں بھی دو روپے کا اضافہ ہوا جب کہ  شیمپو کی فی بوتل بھی پانچ روپے مہنگی ہو گئی ۔