Friday, April 19, 2024

ڈالر کی اونچی اڑان برقرار ، انٹربینک میں مزید 33 پیسے مہنگا ہو گیا

ڈالر کی اونچی اڑان برقرار ، انٹربینک میں مزید 33 پیسے مہنگا ہو گیا
August 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ڈالر کی اونچی اڑان برقرار ہے۔ انٹربینک میں مزید 33 پیسے مہنگا ہو گیا۔

3  دن میں ڈالر کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔ پیر 2 اگست کے روز ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 24 پیسے کے اضافے کے ساتھ ڈالر سرکاری طور پر 163 روپے 67 پیسے پر بند ہوا ۔ ایکسچینج کمپنیوں کے مطابق ڈالر در حقیقت 164 روپے کا ہو چکا ہے۔ اس صورتحال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 تا 3 فیصد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اس صورتحال نے 3 سال قبل پاکستان کے امپورٹ بل میں 10 فیصد اور قرضے کے اسٹاک میں 6 فیصد اضافہ کیا تھا ۔ مارکیٹ آپریٹرز کی رائے میں یہ تاریخی اضافہ جون میں امپورٹ 6 بلین ڈالرز تک پہنچنے کے باعث ہوا  جبکہ اسٹیٹ بینک  نے روپے کی قدر مستحکم رکھنے کے لیے مداخلت نہ کرنے کی پالیسی اپنائے رکھی ہے۔

وزارت خزانہ کے متعلقہ حکام نے صورتحال کو عارضی قرار دے کر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 164 روپے 20 پیسے تک جاپہنچی تھی ۔ اس لحاظ سے ڈالر کی قیمت میں ایک دن میں ڈیڑھ روپے کا اضافہ ہوا ۔ ڈالر کی تاریخی اڑان سے متعلقہ اداروں کی پریشانی میں مزید اضافہ جبکہ پاکستانی امپورٹ اور قرضوں کا اسٹاک مزید بھاری ہونے لگا ہے ۔