Wednesday, April 24, 2024

ڈالر میں پھر 1 روپے 54 پیسے اضافہ، قیمت 175.72 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈالر میں پھر 1 روپے 54 پیسے اضافہ، قیمت 175.72 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
November 12, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کو ٹاپ اور پاکستانی روپیہ کو ریورس گئیر لگ گیا، انٹربینک میں ڈالر قیمت میں 1 روپے 54 پیسے کے بڑے اضافے کے بعد 175 روپے 72 پیسے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس میں 599 پوائنٹس کی کمی آگئی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی صورتحال مختلف نہیں جہاں ڈالر 1 روپے 50 پیسے مہنگا ہوکر 178 روپے کی سطح پر آگیا گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے سعودی عرب کی جانب امداد کی رقم تاحال پاکستان کو موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ ہمارے امپورٹ بلز بھی بدستور زیادہ ہیں۔

اُدھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز منفی رحجان دیکھا گیا ہنڈریڈ انڈیکس 599 پوائنٹس کی کمی سے 45 ہزار 749 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ٹریڈننگ کے دوران مارکیٹ میں 1 اعشاریہ 25 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب سونے کی قیمت میں 450 روپے کی کمی ہوگئی جس کے بعد فی تولہ سونا ایک لاکھ 28 ہزار 650 روپے کا ہوگیا اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 385 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 10 ہزار297  روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 14 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1849 ڈالر پر آگیا۔